نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے کی وجہ ایبسلیوٹلی ناٹ ہے: فواد

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز ملتوی ہونے پر پاکستان ٹیلی وژن کو 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، اگر دنیا کو ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنی پڑے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدن نہیں بڑھی، کسانوں کی آمدن میں 1100 ارب اضافہ ہوا، مزدور کی آمدن دُگنا ہوچکی، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں لیبر نہیں مل رہی، 70 فیصد آبادی کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ ہم غریب عوام کے لیے سبسڈی لے کر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان میں پاکستان سے چینی 35 روپے کلو مہنگی ہے۔ اس وقت بھی دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں کم ہے، قطر جیسا ملک گیس میں خودکفیل لیکن پاکستان میں قطر سے بھی گیس کا ریٹ کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 ماہ، سال میں الیکشن کی پیش گوئیاں کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، اپوزیشن میں بونے ہی رہ گئے ہیں کرسیاں نیچے آگئی ہیں، اپوزیشن کی ساری سیاست صرف اپنے پیسے بچانے کے لیے ہورہی ہے۔ ان کی لیڈرشپ کہتی ہے پہلے ہمارے کیسز پر بات کریں، اصلاحات کے لیے اپوزیشن کو بلاتے ہیں تو آتے نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز ملتوی ہونے پر پاکستان ٹیلی وژن کو 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، اگر آپ ایبسولیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق نہ دیں، اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انتخابی اصلاحات کو لے کر ہمیں آگے بڑھنا ہے، ای وی ایم کے خلاف وہ بات کرتے ہیں جن کوعقل نہیں، دنیا الیکشن کے حوالے سے ٹیکنالوجی میں بہت آگے چلی گئی ہے، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر بیٹھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ اگلا الیکشن نئی مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہونا ہے۔ نئی مردم شماری نے 18 ماہ میں مکمل ہونا ہے۔ ساتویں مردم شماری کی منظوری کے مراحل چل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سنیماز کو بجلی اور ٹیکسز پر ریلیف دے رہے ہیں، سنیماز میں کینیڈین پنجابی فلموں کی اجازت دے رہے ہیں۔ چاہتے ہیں سنیماز کو جلد از جلد کھولا جائے۔ سنیما کو کھولنے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے
اُن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کراچی، گوادر، مزار شریف سے تاشقند تک ٹرین جائے۔ ہم ٹرانس مزار شریف ٹرین بنانا چاہتے ہیں۔ ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔