فضل الرحمان کا اقتدار میں آنا بدقسمتی، مریم نے ہمیشہ بونگی ماری ہے: وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست سے سبق سیکھ کر خود کو منظم کریں گے۔
انہوں نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بینکوں کی کارفنانسنگ میں 44 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان سالانہ 40 ہزار گاڑیاں بنارہا ہے اسے سالانہ 5 لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں، تمام فصلوں نے ریکارڈ پیداوار دکھائی ہے، نواز شریف اور زرداری دور کے 55 ملین ڈالرہم نے واپس کرنے ہیں، معیشت کے تمام اشارے اب مثبت اور مستحکم ہیں، بجلی اور ڈیزل کی کھپت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، گزشتہ تین سال میں مزید ڈیڑھ لاکھ نئی کمپنیاں بنی ہیں، ملک میں مہنگائی ہے تو گاڑیوں کی فروخت میں کیوں اضافہ ہورہا ہے؟
فواد چوہدری نے مریم نواز، فضل الرحمان اور آصف زرداری کو سیاسی بونا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی لوگوں میں تو سیاست ہے نہیں اسی تنخواہ پر کام کریں گے، مریم نواز نے ہمیشہ بونگی ہی ماری ہے، فضل الرحمان کا اقتدارمیں آنا بدقسمتی کی بات ہے، کے پی میں جے یو آئی کے جیتنے پر مجھے مایوسی ہوئی، ہماری غلطیوں کی وجہ سے جے یو آئی جیت گئی، ٹی ایل پی اور جے یو آئی اقتدار میں آئیں تو ملک مزید نیچے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی گفتگو سے لگتا ہے انہیں ڈیل نہیں ملی، ڈیل کی امید پوری نہ ہو تو جلسوں میں الزامات لگاتے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سیاسی بونے عمران خان پر تنقید کرکے اپنا قد بڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تحریک انصاف کے ورکرز کا فرض ہے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں، تحریک انصاف کے 3 ارکان آپس میں الیکشن لڑیں گے تو پھر شکست ہی ہوگی، امید ہے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن خیبرپختون خوا کے بلدیاتی الیکشن میں شکست سے سبق سیکھ کر خود کو منظم کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔