فہد شیخ نے اداکار سید محمد احمد کا مذاق بنانے پر معافی مانگ لی

کراچی: ٹی وی اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کا مذاق بنانے پر ان سے معافی مانگ لی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سید محمد احمد نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سیٹ پر سر پر بال نہ ہونے کا مذاق اڑانے پر جونیئر اداکار کا نام لیے بغیر گفتگو کی۔
سید محمد احمد کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے سینئر اداکار کا ساتھ دیتے ہوئے مذاق اڑانے والے اداکار سے عوام کے سامنے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جونیئر آرٹسٹ کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا، جس کے بعد مذاق اڑانے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی۔
تاہم اداکار فہد شیخ نے خود ہی سب کے سامنے آکر انسٹاگرام کی اسٹوری کے ذریعے سید محمد احمد سے معافی مانگ لی۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ آدھی ادھوری کہانی ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے کیونکہ اسی سے ایک بیانیہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، جو صورت حال بظاہر بدمعاشی یا دھونس جمانے جیسی لگ رہی تھی، درحقیقت شروع سے معاملہ ایسا نہیں تھا، سیٹ پر ہم اداکار کے طور پر کام نہیں کرتے بلکہ ایک فیملی کی طرح ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ لکھا کہ سید محمد احمد صاحب کے ساتھ یہ میرا پہلا پروجیکٹ نہیں تھا، میں اور بھی پروجیکٹس میں ان کے ساتھ کام کرچکا ہوں، جہاں ہم نے اچھا وقت گزارا ہے اور ہنسی مذاق کیا ہے، پتا نہیں کس موقع پر انہیں ایسا لگا کہ ہم ان کا مذاق اڑا رہے ہیں جب کہ کسی کا بھی ایسا ارادہ نہیں تھا۔
فہد شیخ نے اپنی اسٹوری کے آخر میں مزید لکھا کہ سینئر اداکار سے بہت پہلے ہی معافی مانگ چکا ہوں، وہ میرے بڑے ہیں اور مجھے سب کے سامنے معافی مانگنے میں بھی کوئی شرم نہیں ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔