چینی انجینئرز کی بس پر حملے میں بارودی مواد استعمال ہوا، پاکستان
اسلام آباد: حکومت نے اپر کوہستان میں چینی انجینئرز کی بس پر حملے کے لیے بارودی مواد استعمال ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ اپرکوہستان میں چینی انجینئرز کی بس پر حملے کی ابتدائی تحقیقات میں بارودی مواد استعمال ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ داسو واقعے میں دہشت گردی کا پہلو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ اس معاملے پر وزیراعظم خود تمام پیش رفت کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان چینی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ چین کے ساتھ مل کر پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
گزشتہ صبح اپر کوہستان میں بس میں دھماکے سے 9 چینی شہریوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے میں 28 چینی شہری زخمی بھی ہوئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کی صبح داسو ڈیم پر کام کرنے والے کمپنی کی گاڑی کے انجن میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی اور گاڑی سڑک کنارے سے کھائی میں جاگری۔ واقعے میں 9 چینی ورکرز سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ گاڑی میں سوار دیگر 28 چینی شہری زخمی بھی ہوئے۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چینی فرم کے ایک پروجیکٹ پر کام کرنے والے ورکرز کی گاڑی پر حملہ ہوا جس میں چینی شہریوں کی اموات ہوئی ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژہاؤ لی جیان نے پاکستان پر زور دیا کہ چینی گاڑی کو نشانہ بنانے والے حملہ آوروں کو سخت سزا دی جائے اور پاکستان میں موجود چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔