انگلینڈ کا 823 رنز کا پہاڑ، پاکستان کو اننگز کی شکست ٹالنے کیلئے مزید 115 رنز درکار

ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز بنالیے جب کہ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 115 رنز کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز 823 رنز بناکر ڈیکلیئر کر دی جب کہ پاکستان دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہے۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور رنز کے انبار لگا دیے۔
پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی اور پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
جو روٹ 262 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ہیری بروک نے 317 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر جو روٹ کا آسان کیچ بھی ڈراپ کیا، اس وقت جو روٹ 186 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز پہلی اننگز کی طرح مایوس کن رہا اور عبداللہ شفیق پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بھی 11 رنز بنا کر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور صائم ایوب 25 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 59 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 گیندوں پر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
82 رنز پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گری اور سعود شکیل 33 گیندوں پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے گس ایٹنکسن اور برائیڈن کرس نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے سلمان آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔