پاکستان کو شکست، انگلینڈ نے دوسری بار ٹی 20 ورلڈکپ جیت لیا
میلبورن: ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل معرکے میں انگلینڈ نے پاکستان کو زیر کرکے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا، انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
میلبورن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم کے اوپنرز ابتدا سے ہی پریشانی کا شکار نظر آئے، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، اوپنر ایلکس ہیلز ایک رن بناکر جلد وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان جوز بٹلر نے 26، فل سالٹ 10 اور ہیری بروکس 20 رنز بناسکے تاہم مڈل آرڈر میں بین اسٹوکس نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے اوپنرز ناکام رہے جب کہ مڈل آرڈر بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، کپتان بابراعظم 32 اور شان مسعود 38 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 15، محمد حارث 8، شاداب خان 20، محمد نواز 5، محمد وسیم جونیئر 4، افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل راشد اور کرس جورڈن نے 2، 2 جب کہ بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سیم کرن فائنل معرکے کے مرد میدان کے ساتھ مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔