کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی قیمت میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی، اس حوالے سے قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک بار پھر مہنگی کردی گئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 42 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ فروری 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا اطلاق صارفین پر اپریل کے بلوں میں ہوگا اور اضافہ شدہ رقم اسی ماہ وصول کی جائے گی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیپرا نے فروری کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے اب جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔