صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے پر صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا عمران خان کے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان پر ردعمل سامنے آگیا۔
الیکشن کمیشن نے بتادیا کہ عام انتخابات ہوں گے یا ضمنی الیکشن۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے پر قومی نہیں بلکہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کا الیکشن دوبارہ ہوگا، جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے، 60 روز میں ضمنی انتخابات کرادیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر قریباً پانچ سے سات کروڑ روپے خرچ ہوں گے، اگرچہ ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہے مگر ہم قانون کے پابند ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات بھی مشکل کام تھا جو ہم نے کیا، اسی طرح قانون کے مطابق اگر ضمنی الیکشن مشکل بھی ہے تو انتخابات کرائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلی کے دوبارہ انتخاب پر کم از کم ساڑھے 22 ارب کا خرچ آئے گا۔
خیال رہے کہ اسمبلیوں کے تحلیل ہونے پر الیکشن کمیشن کو دونوں صوبوں میں 4 سو سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخابات کرانے ہوں گے۔