فارن فنڈنگ کیس، میرٹ پر فیصلہ کریں گے: الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں بغیر کسی خوف اور دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جاری ہے، یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے، الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہورہی ہے اور سماعت کے دوران میڈیا اور دوسرے متعلقہ اشخاص اور ادارے موجود ہوتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے، اس لیے کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہوسکتی جب کہ عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسکروٹنی کمیٹی میں شکایت کنندہ اور الزام علیہ اپنا اپنا مؤقف پیش کرتے ہیں اور کمیٹی مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد جامع سفارشات کمیشن کو دے گی جب کہ الیکشن کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کے خلاف چلنے والے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ دنوں اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفتر کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔