چینی کورونا ویکسین کی افادیت، تحقیق میں حیران کن انکشافات!
مونٹیوڈیو: کورونا وبا سے تحفظ کے لیے استعمال کی جانے والی چینی ویکسین سائنو ویک کی بڑی افادیت سامنے آئی ہے۔
یوروگوئے کی وزارت عوامی صحت نے ایک رپورٹ جاری کی، جس میں بتایا گیا کہ سائنوویک کی مکمل ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں وائرس سے ہلاکتیں 97 فیصد کم ہوگئی ہیں۔
اس تحقیق کے لیے سات لاکھ افراد کا تجزیہ کیا گیا، جنہوں نے یکم مارچ سے پچیس مئی تک سائنوویک ویکسین کی آخری خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزارے، جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ مکمل ویکسی نیشن کے بعد اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں مریضوں کی تعداد 95 فیصد کم ہوئی اور بیمار کیسز کی تعداد میں 57 فیصد کمی آئی۔
اس کے علاوہ محققین نے کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والے فائزر ویکسین کا ایک اور مثبت پہلو عوام کے سامنے پیش کیا ہے، تحقیق میں کہا گیا کہ ایسے تمام مریض جن کا کینسر کا علاج جاری ہے، وہ فائزر ویکسین لگواکر خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں، کیوں کہ یہ ویکسین کینسر مریضوں میں بھی اعلیٰ سطح کی اینٹی باڈیز بنانے میں کامیاب ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز تک یوروگوئے میں کروناوائرس کے کل 2 لاکھ 91 ہزار 488 کیسز اور 4 ہزار 213 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جب کہ یوروگوئے کی 28 فیصد آبادی کی مکمل طور پر ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، اس وقت پاکستان کے مختلف ویکسی نیشن سینٹرز میں سائنوویک، سائنو فارم، ایسٹرازینیکا سمیت پانچ ویکسین استعمال کی جارہی ہیں۔
آئندہ چند دنوں میں کوویکس کی جانب سے ملنے والی فائزر ویکسین کو بھی استعمال کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی یہ چھٹی ویکسین ہوگی۔