ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ گئیں، جلد سڑکوں پر ہوں گی
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بسیں پہنچ گئیں، ان شاء اللہ جلد سڑکوں پر آئیں گی، کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں بندرگاہ پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ حکومتِ سندھ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ بسوں کو جلد از جلد عوام کے لیے دستیاب کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جدید بسیں آرام دہ سفر، بہتر سفری سہولتوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بنیں گی۔ ڈبل ڈیکر بسوں کے آغاز سے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی اور کراچی کے سفری نظام میں ایک مثبت تبدیلی متوقع ہے۔