نگراں وزیراعظم پر مشاورت: شاہد خاقان، حفیظ شیخ، بھوتانی اور فواد حسن امیدوار
اسلام آباد: نگراں سیٹ اپ کی تشکیل کے حوالے سے حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگراں سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی اور محسن داوڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نگراں سیٹ اپ اور نگراں وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نگراں وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ اور دیگر ناموں پر غور کیا گیا، جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی توڑنے کی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا نگراں وزیراعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہوگی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کرلیں گے۔
دھیان رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہورہی ہے اور چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔