رُکاوٹوں کے باوجود تین فٹ کا نوجوان ڈاکٹر بننے میں کامیاب
نئی دہلی: تین فٹ کے نوجوان نے پست قامتی کے باوجود ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کرلیا۔
بھارت کے میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں 23 سالہ گنیش برایا غیر معمولی چھوٹے قد کے باوجود اپنے ڈاکٹر بننے کے خواب کو پورا کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تین فٹ کے گنیش برایا کو ابتدائی طور پر میڈیکل کونسل آف انڈیا نے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا اور کہا تھا کہ چھوٹے قد کی وجہ سے وہ ایمرجنسی کیسز نہیں سنبھال سکتے۔
گنیش نے اس کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے اُس نے اپنے اسکول کے پرنسپل کے ساتھ مل کر ضلع کلکٹر اور ریاستی وزیر تعلیم سے مدد طلب کی۔
گنیش برایا نے میڈیکل کونسل آف انڈیا کے خلاف گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کیا جہاں وہ مقدمہ ہار گئے لیکن پھر بھی ان کے عزم میں کمی نہیں آئی۔
انہوں نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، جہاں سے برایا نے 2018 میں مقدمہ جیت لیا اور آخرکار 2019 میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوگئے۔
گنیش برایا ایم بی بی ایس کے بعد بھاؤ نگر کے اسپتال میں انٹرن شپ بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریض مجھے دیکھ کر چونک جاتے ہیں لیکن پھر وہ مجھے اپنے معالج کے طور پر قبول کرلیتے ہیں۔