ڈپریشن خواتین کی دل کی صحت کے لیے نقصان دہ قرار
ٹوکیو: ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ جو خواتین ڈپریشن کا شکار ہوتی ہیں ان میں دل کی بیماری کا خدشہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوجاتا ہے۔
جرنل آف امریکن کالج آف کارڈیالوجی (جے اے سی سی) میں شائع شدہ تحقیق میں ڈپریشن کی شکار خواتین کو دل کے مسائل سے زیادہ غیر محفوظ بتایا گیا ہے، بہ نسبت ان مردوں کے جو خواتین کی طرح ہی ڈپریشن میں مبتلا ہوتے ہیں۔
ڈپریشن دنیا بھر میں بیماریوں کی تیسری بڑی وجہ ہے، یہ صحتِ قلب کے مسائل سے منسلک ہے، جس میں دل کا دورہ، انجائنا، فالج اور جلد موت بھی شامل ہیں۔
جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی میں میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہیڈی ہیرو کانیکو نے کہا، یہ تحقیق ڈپریشن میں مبتلا لوگوں کو صحتِ قلب کے حوالے سے خطرات کی روک تھام اور بہتر علاج کی حکمت عملی میں مدد کرسکتی ہے۔
اس تحقیق کے لیے Kaneko کی ٹیم نے قریباً 42 لاکھ لوگوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جو 2005 اور 2022 کے درمیان جاپانی ہیلتھ ڈیٹا بیس میں درج تھے۔ ان میں سے قریباً 24 لاکھ مرد تھے۔
محققین نے ابتدائی امتحان میں شرکا کے وزن، بلڈپریشر اور فاسٹنگ لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج کو دیکھا۔ انہوں نے پایا کہ ڈپریشن میں مبتلا خواتین میں مردوں کے مقابلے میں دل کی بیماری کا خدشہ زیادہ ہے جو ہارٹ اٹیک، فالج، انجائنا، ہارٹ فیلیئر اور دل کی بے قاعدہ دھڑکنوں پر منتج ہوسکتا ہے۔