احتجاج کا مقام تبدیل کرنے پر عمران راضی تھے مگر بشریٰ نہیں مانیں، وزیر دفاع
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے کی آفر پر عمران خان راضی تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانیں۔
خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے دھرنے کی کال دی، وہ لوگ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے، رینجرز جوان اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، سیکڑوں زخمی ہوئے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وفاق پر تیسرا حملہ ناکام بنادیا۔
انہوں ںے کہا کہ پہلی حقیقی مزاحمت کا سامنا کرنے پر جس طرح پی ٹی آئی میدان چھوڑ کر بھاگی، کسی بھی جنگ یا تحریک میں اس طرح دُم دباکر بھاگنے کی مثال آپ کو نہیں ملے گی، ہم نے انہیں احتجاج کے لیے بار بار کئی جگہیں آفر کیں اور عمران خان راضی بھی ہوگئے تھے، لیکن یہ خاتون بشریٰ بی بی ہجوم کو دیکھ کر بولیں کہ اب اُدھر کون جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کراؤڈ اچھا تھا جنہوں نے سیاست میں زندگی گزاری ہے، وہ ایسا ہجوم دیکھتے رہتے ہیں مگر بشریٰ بی بی نے پہلی بار اتنا ہجوم دیکھا اور کہا کہ میں تو ڈی چوک جاؤں گی مگر اس کے بعد جو حشر ہوا اور وہاں سے جو بھاگی ہیں تو گنڈاپور کے ساتھ ہی فرار ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کی گاڑی کو اینٹیں بھی پڑتی رہیں وہ بھی بڑی مشکل سے وہاں سے بھاگے اور رونمائی مانسہرہ میں ہوئی، اس کے بعد لطیف کھوسہ نے کہا 278 بندہ وہاں مارا گیا، ہر لیڈر نے ہلاکتیں الگ الگ بتائیں کسی نے ہزار بندہ کہا کسی نے کچھ، مگر اب نمبر سنگل ڈیجیٹ میں آگیا ہے، مگر ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے نہیں آٗئی نہ ایسا کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خونریزی ہوئی، زخمی ضرور ہوئے مگر مرنے کی شہادت کوئی نہیں ملی۔
دریں اثنا انہوں ںے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے اب ہم یورپ کی مارکیٹ کیپچر کرسکیں گے، یورپ پروازوں کی بحالی کے فیصلے سے پی آئی اے کی نج کاری کے عمل کو بھی فائدہ پہنچے گا اور اس کی مارکیٹ بڑھ جائے گی۔