ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: عوام کو ارکان پارلیمنٹ اور بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ارکان پارلیمنٹ اور بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات پبلک کرنے کے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر معاہدہ ہوگیا۔
بیورو کریسی کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی ایل او آئی کے تحت فراہم کی جائیں گی۔ شفافیت اور احتساب کے لیے الیکٹرونک ایسٹ ڈیکلریشن سسٹم قائم کیا جائے گا۔ بیورو کریسی کے بیرون ملک منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیلات بھی عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔
گریڈ 17 سے گریڈ 22 کے ملازمین کے بیوی اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی بتائی جائیں گی۔ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی ڈیکلریشن تک شہریوں کی رسائی ممکن ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بیرون ملک خفیہ اثاثہ جات رکھنے والے بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی ہوگی۔