کیا سرفراز احمد ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے والے ہیں؟
لاہور: پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سابق کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کے ساتھ سیریز کے شیڈول کے اعلان کے بعد کپتان اور ہیڈ کوچ کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد، اظہر محمود کی جگہ پہلی بار ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے، وہ اس وقت قومی سلیکٹر بھی ہیں جب کہ شان مسعود پہلے ہی قیادت کی ذمے داریاں سنبھال رہے ہیں ممکنہ طور پر پاکستان بنگلادیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔
اکتوبر میں پاکستان نے آخری ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلی تھی، جو ایک ایک سے برابر ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق شان مسعود کو کپتان برقرار رکھ کر مستقل مزاجی کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔
اس وقت وائٹ بال کے ہیڈ کوچ نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن ہیں جبکہ ون ڈے کی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سلمان علی آغا ہیں۔
سرفراز احمد کی قیادت میں اس وقت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریڈ بال کیمپ لگا ہوا ہے، جس میں قومی اکیڈمی کے کوچز بھی شامل ہیں۔
21 سالہ اوپنر اذان اویس کی ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی رہی، اذان اویس نے 2024-25 سیزن میں سیالکوٹ ریجن کی جانب سے 844 رنز بنا کر بیٹنگ چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی، اذان اویس نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس سیزن (قائداعظم ٹرافی) میں 4 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں اسکور کیں۔
سیالکوٹ نے اذان اویس کی کارکردگی کی بدولت قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل جیتا، اذان اویس نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں 578 رنز اسکور کیے، قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں اذان اویس نے 803 رنز بناکر ٹیم کو فائنل تک پہنچایا، ایس این جی پی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے اذان اویس نے 448 رنز اسکور کیے۔
اذان اویس کا کہنا ہے کہ این سی اے ریڈ بال کیمپ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، گزشتہ دو سیزنز میرے فرسٹ کلاس کیریئر کے لیے بہت اہم رہے، انگلینڈ کا دورہ مشکل مگر سیکھنے کے لیے انتہائی مفید رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا، میرا ہدف تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی میرا خاص ہدف ہے۔