انوکھی وصیت پر مُردہ شخص کی گاڑی سمیت تدفین
لا پاما: ایک امریکی شخص کی انوکھی وصیت پر موت کے بعد اُسے اُس کی قیمتی گاڑی سمیت دفنادیا گیا۔ شمالی امریکا کی آزاد ریاست ’باجا کیلیفورنیا سُر‘ میں ایک شخص کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے، مرنے کے بعد قیمتی گاڑی میں دفنا دیا گیا۔
خبروں کے مطابق، اس شخص کا نام ڈون آڈان آرانا تھا اور وہ پورٹو سان کارلوس کا رہائشی تھا۔
دو سال پہلے اس کے بیٹے نے ایک قیمتی گاڑی (لوڈر ٹرک) اسے تحفے میں دی تھی لیکن وہ زیادہ دن اسے اپنے استعمال میں نہ رکھ سکا کیونکہ کچھ عرصہ پہلے وہ ایک ناقابلِ علاج بیماری میں مبتلا ہوگیا۔
جب اسے معلوم ہوا کہ بیماری خطرناک ہے اور وہ اس دنیا میں چند ہی دنوں کا مہمان ہے تو اس نے وصیت کی کہ اسے اپنے بیٹے سے تحفے میں ملی ہوئی گاڑی سمیت دفنایا جائے۔
چند روز پہلے جب اس کا انتقال ہوا تو اہلِ خانہ نے وصیت پر عمل کرتے ہوئے خاص طور پر ایک بڑی قبر بنوائی جس میں پہلے ایک کرین کی مدد سے یہ لوڈر ٹرک اتارا گیا۔
اس کے بعد ڈون آڈان کا تابوت اس لوڈر کے پچھلے حصے میں رکھ کر قبر بند کردی گئی۔
اس کارروائی کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور پھر مقامی میڈیا بھی اس طرف متوجہ ہوا۔
اس بارے میں قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح تدفین کروانے پر ڈون آڈان کے اہلِ خانہ پر جرمانہ ہوسکتا ہے، کیونکہ انہوں نے اس غیر معمولی قبر کے لیے مقامی انتظامیہ سے قانونی اجازت نہیں لی تھی۔
واضح رہے کہ مال و دولت سمیت تدفین کا عمل ہزاروں سال پرانا ہے جو قدیم مصر کے فرعونوں میں بہت مقبول تھا۔
مصری فرعونوں کو مرنے کے بعد حنوط (ممی بناکر) کرکے ان کے مال و دولت اور ساز و سامان کے علاوہ ذاتی غلاموں اور پالتو جانوروں تک کے ساتھ بڑے بڑے مقبروں میں دفن کیا جاتا تھا۔