ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک
ڈی آئی جی: سیکیورٹی فورسز کے ڈی آئی خان میں کیے گئے آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
5 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب آپریشن کو علاقہ عوام نے سراہا ہے جب کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔