سائیکلنگ، تیراکی پروسٹیٹ کینسر کے خطرات کو کم کرنے میں معاون

اسٹاک ہوم: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مرد حضرات جاگنگ، سائیکلنگ یا تیراکی کی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے پروسٹیٹ کینسر کے امکانات کو ایک تہائی سے زیادہ کم کرسکتے ہیں۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع شدہ تحقیق میں محققین نے بتایا کہ سالانہ کارڈیو ریسپائٹری فٹنس میں تین فیصد تک کا اضافہ اس بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 35 فیصد کمی سے تعلق رکھتا ہے۔
سوئیڈن میں کیے جانے والے اس مطالعے میں محققین نے 57 ہزار 652 مرد حضرات کی جسمانی سرگرمی، قد اور باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کا ان کی طرزِ زندگی، صحت اور گزشتہ کم از کم دو کارڈیو ریسپائٹری فٹنس ٹیسٹ کے ساتھ جائزہ لیا۔
سالانہ کارڈیو ریسپائٹری فٹنس ٹیسٹ میں سخت ورزش کے دوران جسم کی جانب سے استعمال کی گئی آکسیجن کی مقدار کی پیمائش بتائی جاتی ہے۔
تحقیق میں ان افراد کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ یہ گروپ اس ٹیسٹ کی سالانہ پیمائش کے تین فیصد تک اضافے، مستحکم رہنے یا تین فیصد تک کم ہونے پر مشتمل تھے۔
اوسطاً سات سال تک جاری رہنے والے اس معائنے میں محققین نے دیکھا کہ 592 مردوں میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی اور 46 افراد کی موت اس بیماری سے واقع ہوئی۔
وہ افراد جن کی سالانہ فٹنس میں تین فیصد تک بہتری آئی تھی، ان کے بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات فٹنس میں بدتر ہونے والے افراد کی نسبت 35 فیصد کم تھے۔
محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج عام افراد میں معتدل فٹنس لیول یا کارڈیو ریسپائٹری فٹنس میں بہتری کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔