کرکٹ بورڈ کے بڑوں کو قائمہ کمیٹی نے طلب کرلیا!

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کو قائمہ کمیٹی نے بلالیا، چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و استحقاق کے اجلاس میں بدھ کو پیش ہوں گے، انہیں وہاں چوہدری محمد حامد حمید کی طرف سے ملازمین کی بھاری تنخواہوں کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔
دوسری جانب ملکی کرکٹ کے فیصلہ سازوں نے اگلے تین سالہ پلان پر تفصیلی مشاورت مکمل کرلی، احسان مانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں تمام شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی تھی، شرکا نے 2 سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ ایک معمول کا اجلاس تھا جس میں سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر نقطۂ نظر بیان کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں زمبابوے سے سیریز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی، اگلے ماہ مہمان ٹیم کی آمد کے پیش نظر مجوزہ شیڈول اور سیکیورٹی انتظامات سمیت تمام معاملات پر حکومتی عہدیداروں کو اعتماد میں لینے کے بعد سیریز کے پروگرام کا باقاعدہ اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی اسپورٹس سے تین سالہ معاہدے کے بعد تمام شعبوں کی ذمے داریوں میں اضافہ ہوجائے گا، اس حوالے سے مجوزہ پلاننگ پر بھی بریفنگ دی گئی، ملکی اور انٹرنیشنل سیریز کی براہ راست کوریج کے لیے بورڈ خود پروڈکشن کرے گا۔
فارغ اوقات میں مختلف پروگرام تیار کرکے چلائے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس اور دیگر امور پر غور کرنے کے ساتھ بعض اہم سفارشات پر اتفاق کرنے کے بعد گورننگ بورڈ کے شرکا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کوڈ آف ایتھکس لاگو کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔