ماچس کی تیلیوں سے حیرت انگیز فن پاروں کی تخلیق
زگریب: فنکار ٹومیسلاو ہورواٹ اگرچہ ماچس کی تیلیوں سے مجسمے بنانے والے پہلے شخص نہیں، تاہم وہ اپنے کام کو لے کر دوسروں سے زیادہ پُرجوش اور سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کروشیا سے تعلق رکھنے والے ٹومیسلاو ہورواٹ نے کئی سال قبل ماچسوں سے مجسمے بنانے شروع کیے۔ آغاز میں انہوں نے چھوٹے ماڈل سے شروعات کی، لیکن 2013 میں انہوں نے انسانی قدوقامت کے مجسمے بنانے شروع کردیے۔
ٹومیسلاو کے فن پاروں میں ہالی وُڈ کے لیجنڈری اداکار ایل پیچینو کا بھی مجسمہ ہے جو مشہور زمانہ فلم گاڈ فادر میں ان کے کردار سے منسوب ہے۔ بقول ٹومیسلاو، ایل پیچینو کا یہ مجسمہ ان کے تمام کاموں میں سرفہرست ہے۔
ٹومیسلاو کا کہنا تھا کہ ایل پیچینو کے بعد دوسرے نمبر پر ان کا بڑا کام دی پیانسٹ ہے اور تیسرے نمبر پر ڈیسپریٹ مین ہے جو 54,000 ماچسوں سے بنا ہے۔
دی پیانسٹ کی بات کی جائے تو آرٹسٹ نے 210,000 ماچسوں سے پیانو اور موسیقار کا مجسمہ بنایا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ مجھے اسے مکمل کرنے کے لیے مزید 30,000 ماچسوں کی ضرورت ہے، جو کُل 430,000 بنتی ہیں۔ میں اس پر 6 سال سے کام کررہا ہوں۔
فلم گاڈ فادر کے ایل پیچینو کا مجسمہ 117,000 ماچسوں سے بنا ہے۔ ٹومیسلاو نے دارالحکومت زگریب سمیت کروشیا کی کئی گیلریوں میں اپنے کاموں کی نمائش کی ہے لیکن ان کے فن پارے ابھی فی الحال برائے فروخت کے لیے نہیں۔