پی ایس ایل، مزید 3 کورونا مریض رپورٹ!
کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے بعد پی ایس ایل 6 کے بائیو سیکیورببل میں مزید تین کورونا کے مریض سامنے آگئے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والے میچ میں تماشائیوں کے لیے ایس او پی پر نظرثانی ہوگی، آرگنائزنگ کمیٹی اہم فیصلے کرے گی اور جمعرات کو ایک بار پھر ٹیسٹ کیے جائیں گے، بائیو سیکیور ببل میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی۔ گراؤنڈ اسٹاف کو بھی کہا گیا کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں، فرنچائز اونرز بھی ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ٹیم کو جوائن کررہے ہیں، 50 فیصد کراؤڈ کو بھی آنے کی اجازت ہوگی۔
سمیع برنی کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے، آج شام کا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا، اب تک 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے، ان میں سے تین پازیٹو آئے ہیں۔ ٹیسٹ پازیٹو آنے والوں میں دو غیر ملکی کھلاڑی اور ایک سپورٹنگ اسٹاف شامل ہے۔ ایک کھلاڑی کا تعلق اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہے، کورونا پازیٹو آنے والوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے، براڈ کاسٹنگ کریو میں شامل 100 سے زائد عملے کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کی ٹیکینکل ٹیم فرنچائز اونرز کے ساتھ میٹنگ کررہی ہیں، تمام ٹیموں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کا کہا گیا ہے، چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں، کوشش ہوگی کہ مزید کیسز سامنے نہ آئیں، تماشائیوں کے کھلاڑیوں سے رابطے نہیں ہوتے، این سی او سی اب تک پچاس فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت کے فیصلے پر قائم ہے، سامنے آنے والے مریضوں کے نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے، کورونا کے مریضوں کے اہل خانہ سے رابطہ ہے، ببل میں تین سو افراد ہیں، جن کے ٹیسٹ مثبت آئے وہ دس دن قرنطینہ میں رہیں گے، ہر چوتھے دن پی آر سی ٹیسٹ ہوں گے، ببل میں ایسے واقعات ہوجاتے ہیں، ببل کو توڑنے کی باتوں میں صداقت نہیں، مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں، ایونٹ کو احسن انداز میں آگے لے جارہے ہیں، ببل میں آنے والا پروٹوکول سے گزر کر آتا ہے، اب سخت انتظامات کرنا ہوں گے۔