کورونا وبا، مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں، این سی او سی

اسلام آباد: این سی او سی نے پاکستان بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورت حال میں اضافے کی صورت مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے اجلاس بلایا گیا جس میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
این سی او سی نے ملک میں عالمی وبا کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
این سی او سی نے تمام صوبوں کو اسپتالوں میں ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اسپتالوں میں موجودہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیں اور انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اجلاس میں تمام صوبوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ صلاحیت میں اضافے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں، کورونا کی موجودہ صورت حال میں اضافے کی صورت میں مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی اور گزشتہ تین روز سے ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح مسلسل تین فیصد سے زائد رپورٹ ہورہی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21688 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 807 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 11 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔
ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔