کورونا وبا سے ایک روز میں 26 افراد جاں بحق

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ پشاور/ کوئٹہ: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 26 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32376 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1302 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 26 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں تین ماہ بعد ایک روز کے دوران یہ کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل 31 جولائی کو پاکستان میں ایک روز کے دوران کورونا سے 27 افراد انتقال کرگئے تھے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6893 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 38875 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 605 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 147787 ہوگئی ہے جب کہ 2647 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 105535 ہے اور 2385 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16026 اور ہلاکتیں 152 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 40022 اور 1284 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 4491 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے اور 104 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4320 اور 92 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 20694 ہے اور اب تک 229 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔