کورونا کیسز میں ہولناک اضافہ: 2304 نئے مریض، 37 جاں بحق!

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس سے کیسز مثبت آنے کی شرح 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے جب کہ ریکارڈ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36923 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2304 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 37 افراد انتقال کرگئے۔
پاکستان میں آخری مرتبہ 17 جولائی کو کورونا کے ایک روز میں سب سے زیادہ 2085 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے یہ سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
اس طرح پاکستان میں کیسز مثبت آنے کی شرح 4 ماہ کی بلند ترین سطح 6.24 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
اس کےعلاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 37 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جو مسلسل دوسرے دن اموات کی بڑی تعداد ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7092 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز 3 لاکھ 52296 تک جاپہنچے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔