عمران خان کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور: پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ میں درخواست مقامی وکیل نے دائر کی، جس میں عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی سربراہی میں عدلیہ کے خلاف منظم کیمپین چلائی جارہی ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے پر ججز کے خلاف کیمپین چلائی گئی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد میں پیشی پر عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوئے، سرکاری عمارتوں کو نقصان اور نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا توہین عدالت ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر پلان کرکے حملہ کیا گیا، جس کے ماسٹر مائنڈ عمران خان تھے اور عمران خان نے عدلیہ کو پریشرائز کرنے کے لیے ورکرز کو جوڈیشل کمپلیکس بلایا، لہٰذا لاہور ہائی کورٹ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے اور انہیں عدالت طلب کرکے جواب دہی کرے۔