کنٹینر نذرآتش کیس: آفاق احمد سمیت 12 ملزمان عدم ثبوت پر بری
کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کنٹینر نذرآتش کیس میں چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد سمیت 12 ملزمان کو بری کردیا۔
کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 15 نے لانڈھی کے علاقے میں کنٹینر کو نذرآتش کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔
سماعت کے موقع پر چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد اپنے وکلا جاوید چھتاری، فرح اعوان، خرم ایڈووکیٹس کے ساتھ پیش ہوئے۔
عدالت نے آفاق احمد سمیت 12 ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر مقدمے سے بری کردیا۔ ملزمان میں آفاق احمد، محمد دانش، محمد یوسف عرف چانڈیو، محمد حذیفہ، خرم اختر، سدان احمد، عرفان علی، عبد الحفیظ، عدنان، ماجد، اسد عرف بلا اور رئیس احمد قریشی شامل ہیں۔ مدعی مقدمہ دانش سمیت 3 گواہوں نے اپنی گواہی میں آفاق احمد و دیگر ملزمام کو شناخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔
جاوید چھتاری اور خرم ایڈووکیٹس نے موقف دیا تھا کہ سیاسی بنیاد پر آفاق احمد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو شواہد پیش کییے گئے اس سے ثابت نہیں ہوتا کہ ملزمان موجود تھے۔
پولیس کے مطابق آفاق احمد و دیگر کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔