10 روپے کا نوٹ ختم کرکے سکہ متعارف کرانے پر غور
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے پر غور شروع کردیا ہے، جس سے قومی خزانے کو 40 سے 50 ارب روپے کی ممکنہ بچت کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی کو ٹاسک دیا تھا اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تھی کہ 10 روپے کا بینک نوٹ ختم کیا جائے یا نہیں؟
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو بھجوادی ہے۔
ذرائع کے مطابق 10 روپے کا سکہ متعارف کروانے سے حکومت کو 40 سے 50 ارب روپے کی ممکنہ بچت ہوگی، اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن قوانین کے تحت کرنسی مینجمنٹ رپورٹ تیار کی گئی۔
آئی سی ایم اے رپورٹ کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ہے جب کہ 10 روپے کے سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال ہے، ملک میں ہر سال چھپنے والے مجموعی نوٹوں کا قریباً 35 فیصد حصہ 10 روپے کے نوٹ پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے سے 10 سال میں کم از کم 40 سے 50 ارب روپے کی بچت ہوگی، 10 روپے کا نوٹ ختم ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔