کولمبیا: مٹی کا تودا بس پر گرنے سے بچوں سمیت 33 افراد ہلاک

بگوٹا: کولمبیا میں مٹی کا تودہ مسافر بس پر گرنے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 33 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا میں موسلا دھار بارشوں کا 40 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا، جس میں اب تک 250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
مغربی کولمبیا کے صوبے ریسارالدا میں مسافر بردار بس پہاڑی علاقے میں ایک موڑ کاٹ رہی تھی کہ اچانک مٹی کا بڑا تودا اس پر گرگیا۔ مٹی کے تودے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے بڑی بس کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
ریسکیو ادارے نے مٹی کے ملبے تلے سے 33 مسافروں کی لاشیں نکالیں اور 7 افراد کو شدید زخمی حالت میں باہر نکالا، جن میں سے 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مٹی کا تودا گرنے سے مسافر بس کے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا۔
ماہرین نے دنیا بھر میں غیر متوقع بارشوں، برف باری اور سیلاب میں اضافے کو موسمیاتی تبدیلیوں کا نام دیا ہے جس کا شاخسانہ مضر گیسوں کے اخراج اور انسانوں کے ماحول دشمن عادات ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔