کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے،قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز 13 روز سے زائد کی بندش کے بعد آج صبح 8 بجے کھول دیئے گئے۔ ٹرانسپورٹرز جوق در جوق اسٹیشنز کی جانب رواں دواں ہیں تاہم 15 روز بعد ملنے والی سی این جی 17 روپے مہنگی کردی گئی ہے۔
کنر پشاکی فیلڈ کی سالانہ مرمت کے باعث ایس ایس جی سی کے سسٹم میں 160 ایم ایم سی ایف ڈی کا شارٹ فال ہے جبکہ ایل این جی کی در آمد بھی تعطل کا شکا ر ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں 22 جون سے سی این سی اسٹیشنز بند تھے، صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو 176 گھنٹوں کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جبکہ بعد میں مزید 144 گھنٹوں کی بند ش کے بعد سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا دورانیہ 320 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے جس کے بعد آج سے سی این جی اسٹیشنز کو کھولنے کے احکامات دیے گئے.
دوسری جانب سی این جی مافیا نے سی این جی کی قیمت میں 17 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے، اور 123 روپے فی کلو میں ملنے والی سی این جی اب 140 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، اور اس اضافے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آل پاکستان سی این جی ڈیلرزایسوسی ایشن نے قیمت نہ بڑھانے کی یقین دھانی کرائی تھی، اور اسی وجہ سے قیمت بڑھانے کےبجائے کاروباربندکرنے کوترجیح دینے کی بات کی گئی تھی، تاہم سی این جی ڈیلرزنے ٹیکس اورڈیوٹی کا سارا بوجھ شہریوں پرڈال دیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔