چین کا پہلا آزاد تحقیقاتی مشن مریخ کے لیے روانہ!
بیجنگ: جمہوریہ چین کا پہلا آزاد تحقیقاتی مریخ مشن تیان وین-1 خلا میں روانہ ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے کسی بھی دوسرے سیارے پر بغیر پائلٹ کے اپنا پہلا آزاد مشن روانہ کیا، چین کی جانب سے پہلا تحقیقاتی مشن ’تیان وین ون‘ مریخ پر روانہ کیا گیا جو چین کے صوبے ہینان کے جنوب میں واقع جزیرے میں وین چانگ اسپیس لاؤنچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔
قبل ازیں امریکا بھی ایسا ہی خلائی مشن بھیج چکا ہے، دونوں ممالک زمین اور مریخ ایک دوسرے کے نزدیک اور ایک سطح پر ہونے کے مختصر دورانیے کا فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں۔ اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات بھی اپنا خلائی مشن روانہ کرچکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین کا پہلا تحقیقاتی مشن ممکنہ طور پر اگلے سال فروری میں مریخ میں داخل ہوگا۔ جہاں وہ مریخ سے اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے 90 روز کے لیے روور تعینات کرنے کی کوشش کرے گا اور اگر تیان وین ون کامیاب ہوجاتا ہے تو چین اپنے ابتدائی مشن میں ہی مدار اور مریخ پرروور تعینات کرنے والا پہلا ملک بن جائے گا۔
مشن کے ترجمان نے بتایا کہ وین ون مریخ کے قریب پہنچنے پر ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا اور جیسے ہی یہ مشن مریخ کے قریب پہنچے گا اس کی رفتار کم کرنا بہت اہم ہوتا ہے اور اگر رفتار کم کرنے کا عمل کامیابی سے نہیں ہوپایا یا پھر سیارے کے قریب فلائٹ درست طریقے سے نہیں کام کرپائی تو مریخ پر تحقیقات کرنا ممکن نہیں ہوگا۔