تائیوان کو چین کا حصہ بنانے کا عمل ضرور پورا ہوگا: چینی صدر
بیجنگ: چین کے صدر نے کہا ہے کہ تائیوان کو دوبارہ چین کا حصہ بنانے کا عمل ضرور پورا ہوکر رہے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ تائیوان کو دوبارہ اپنا حصہ بنانے کا عمل پُرامن طریقے سے ہوگا، لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار بھی کیا کہ چین کے لوگ علیحدگی کے خلاف جدوجہد کی ایک عظیم داستان رکھتے ہیں۔
چین کے صدر شی چن پنگ کے بیان پر ردعمل میں تائیوان کے صدارتی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جزیرے کی قسمت کا فیصلہ اس پر رہنے والے لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔
گزشتہ روز قبل تائیوان کی صدر سائی اینگ وین نے کہا تھا کہ تائیوان فوجی تصادم نہیں چاہتا لیکن اپنی آزادی کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔
تائیوان کی صدر نے پڑوسی ممالک کے ساتھ پُرامن، مستحکم اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوری انداز میں اپنی آزادی کا دفاع کریں گے۔
یاد رہے چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جب کہ تائیوان خود کو ایک علیحدہ ریاست مانتا ہے اور اس معاملے پر دونوں ملکوں کے مابین طویل عرصے سے تنازع چلا آرہا ہے۔