ہانگ کانگ معاملہ، چین کا حمایت پر پاکستان کا شکریہ!
بیجنگ: چین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مباحثے کے دوران ہانگ کانگ کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے معمول کی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ انصاف کے حق میں بولنے پر پاکستان اور اُن تمام ممالک سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہانگ کانگ کے معاملے پر چین کی حمایت کی۔
ترجمان ہوا چونینگ نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی حمایت سے ثابت ہوگیا کہ ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے معاملات کے بہانے چین کو بدنام کرنے کی مغربی ممالک کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں۔ اس سے یہ امید بھی بڑھ گئی کہ دنیا میں ابھی انصاف برقرار ہے۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے رواں ہفتے کے شروع میں ہانگ کانگ کو چین کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ بیان اقوام متحدہ میں جرمنی کی جانب سے ہانگ کانگ میں سیاسی آزادی کی خلاف ورزی اور سنکیانگ میں یغور مسلمانوں پر جبر کے خلاف جرمنی کے بیان کے جواب میں 55 ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے دیا تھا۔