لارڈز ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلیاں متوقع، کپتان بابراعظم کی واپسی کا امکان
لندن: انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا، لندن پہنچنے کے بعد کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دی جائے گی۔
لیڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر غور کررہی ہے اور اس حوالے سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ بابر اعظم کی واپسی کے لیے پرامید ہے جو انگلی کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے جب کہ بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق لندن کی ڈرائی کنڈیشنز کے باعث پاکستان ٹیم لارڈز ٹیسٹ میں 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے جب کہ رفتار کے باعث فاسٹ بولر عبید شاہ کو لارڈز ٹیسٹ کے لیے ترجیح دیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کی کنڈیشنز مختلف اور نسبتاً خشک ہے جب کہ فلیٹ پچ کی توقع کی جارہی ہے۔