پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گا، چوہدری پرویز الٰہی
راولپنڈی: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گا اور جیل اسی لیے کاٹ رہا ہوں۔
جوڈیشل کمپلیکس میں صحافی نے پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ آپ کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ میں کوئی پیغام رسانی ہوئی ہے، کیا ٹکٹ کی تقسیم سے متعلق تجاویز مانگی گئی ہیں، اس پر پرویز الٰہی نے انکار کیا کہ نہیں ایسا تو کچھ نہیں ہوا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ جج صاحب آئے تھے، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کے باہر دیوار گروادی، البتہ جیل میں کھانا اچھا نہیں دیا جارہا، فوڈ پوائزنگ ہوگئی ہے، کھانا اچھا نہیں جس سے صحت اچھی نہیں، بہت مشکل سے یہاں پہنچا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گا، جیل اسی لیے کاٹ رہا ہوں۔
صحافی نے کہا کہ نواز شریف قید تھے تو مونس الٰہی کہتے تھے کہ بیٹے انہیں پوچھنے نہیں جاتے، اب آپ مشکل میں ہیں آپ کے بیٹے کیوں نہیں آرہے؟
پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ مجھے کوئی مشکل نہیں، ٹھیک ہوں خدا کا شکر ہے۔