دوسرے ملکوں کے برعکس پاکستانی معیشت بڑھ رہی ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ٹولہ ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہا ہے اور اپوزیشن کے پاس کوئی لیڈر نہیں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ٹولہ ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہا ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی لیڈر نہیں، ساری اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں پر مشتمل ہے، ان کو طاقت کی گولیوں کی ضرورت ہے، کھڑے ہوتے ہیں تو گر جاتے ہیں، بلاول کو کیا پتا پاکستان کی سیاست کیا ہے، بلاول بھٹو کو لاڑکانہ کی گلیوں کا بھی نہیں پتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کے مفاد کو سامنے رکھتے ہیں، صوبائیت اور فرقہ واریت کی بات نہیں کرتے، اپوزیشن کو تحفظات ہیں تو اپنا متبادل بتائے، انتخابی اصلاحات کے معاملے کو آگے لے کر چلیں گے اور اس کے لیے اسپیکر انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے رابطے میں ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی نے مختصرنوٹس پر عدالت پیشی پر وزیراعظم کی پذیرائی کی، نواز شریف کو عدالت نے بلایا تو وہ جتھہ لے کر پہنچ گئے تھے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر ہے، مہنگائی کی وجہ سے امریکا جیسا ملک بھی شدید دباؤ میں ہے، احساس اور دیگر فلاحی پروگراموں میں بہت بڑا اضافہ کیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دیگر ملکوں کے برعکس پاکستان کی معیشت بڑھ رہی ہے، کئی شعبوں کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے، کہتے ہیں بجلی مہنگی ہوگئی ہے لیکن اس کی کھپت بڑھ گئی ہے، کہتے ہیں پٹرول مہنگا ہوگیا ہے لیکن اس کی کھپت 26 فیصد بڑھ گئی ہے، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے، مزدوروں اور دُکان داروں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔