بلدیاتی انتخاب جیتنے پر فائرنگ، کامیاب امیدوار ہی جاں بحق

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں جیت کی خوشی میں فائرنگ سے کامیاب امیدوار ہی جاں بحق ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں موسیٰ زئی کے علاقے میں جیتنے والے امیدوار کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب جنرل کونسلر کی جیت کی خوشی میں فائرنگ کی گئی اور جیتنے والا امیدوار فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق زکریا خان بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کے لیے جنرل کونسلر کے امیدوار تھے، شام کو جب ان کی جیت کی غیر حتمی خبر آئی تو ان کے ووٹرز نے خوشی کا اظہار فائرنگ کرکے کیا جب کہ فائرنگ کرنے والوں میں ان کا بھائی بھی شامل تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جنرل کونسلر کی سیٹ پر جیتنے والے زکریا خان اپنے ہی بھائی کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش تحویل میں لے کر تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ مقتول اپنے بھائی کی فائرنگ کے باعث گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔