کیا پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال بھی کینسر کی وجہ بن سکتا ہے؟
نیویارک: پھل اور سبزیاں زیادہ کھانا عام طور پر صحت مند عادت سمجھی جاتی ہے مگر ایک نئی تحقیق کے مطابق ان پر موجود کیڑے مار ادویہ کی باقیات پھیپھڑوں کے کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔
سائنس ڈیلی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محققین کو تحقیق میں معلوم ہوا کہ امریکا میں 50 سال سے کم عمر وہ افراد جو سگریٹ نہیں پیتے مگر نسبتاً زیادہ صحت بخش غذا (جیسے پھل اور سبزیاں) کھاتے ہیں، ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
تحقیق کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر جورج نیوا کا کہنا تھا کہ تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے نوجوان جو عام لوگوں کے مقابلے میں زیادہ صحت مند خوراک لیتے ہیں، ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کا اندیشہ زیادہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن نتائج محققین کے لیے سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
ڈاکٹر نیوا کے مطابق غیر نامیاتی (نان آرگینک) پھل، سبزیاں اور اناج میں کیڑے مار ادویہ کی باقیات زیادہ ہوسکتی ہیں، جس سے یہ خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ یہی زہریلے اجزاء نوجوانوں میں کینسر کی ایک پوشیدہ وجہ ہوسکتے ہیں۔