کراچی میں اسکول کی خواتین اساتذہ کا طالبعلم اور والدہ پر وحشیانہ تشدد

کراچی: پاپوش نگر میں واقع نجی اسکول میں بچے اور اُس کی والدہ پر تشدد کا ایسا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس نے نہ صرف بچے کے والدین بلکہ پورے علاقے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ یہ واقعہ اساتذہ کے کردار پر اُنگلی اُٹھانے کا باعث بن گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسکول کی خواتین اساتذہ اور پرنسپل نے مل کر کمسن طالبعلم کو بے رحمی سے مارا، جس پر متاثرہ بچے کی والدہ اسکول پہنچیں تو خواتین اساتذہ اور پرنسپل نے مل کر بچے کی والدہ پر بھی بدترین تشدد کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکول کی خواتین اساتذہ اور اسکول پرنسپل مل کر ایک کمسن طالبعلم کو بے رحمی سے مار رہی ہیں۔ ویڈیو میں بچے کی چیخیں اور بے بسی واضح طور پر محسوس کی جاسکتی ہیں جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلادیے۔
اس واقعے پر اہلِ علاقہ اور والدین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ استاد کا رشتہ ہمیشہ قابلِ احترام رہا ہے لیکن ایسے واقعات اس رشتے کو داغ دار کردیتے ہیں۔ والدین کا سوال ہے کہ جب وہ اپنے بچوں کو اعتماد کے ساتھ اسکول بھیجتے ہیں تو کیا انہیں ایسے سلوک کا سامنا کرنا پڑے گا؟
متاثرہ خاندان اور علاقے کے لوگوں نے وزیرِ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور جو بھی اس ظلم میں ملوث پایا جائے، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ کوئی بھی استاد بچوں پر ہاتھ اٹھانے سے پہلے سو بار سوچے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔