بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق رپورٹ پاور ڈویژن کو پیش!

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کے حالیہ بریک ڈاؤن سے متعلق رپورٹ پاور ڈویژن کو جمع کرادی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9 جنوری کو رات 11.41 پر 500 کے وی گڈو شکارپور سرکٹ 1 اور 2 ٹرپ کرگئے، اس کے ساتھ ہی 500 کے وی کی گڈو مظفر گڑھ اور گڈو ڈی جی خان ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ ہوگئیں، جس سے پورا بجلی کا نظام بیٹھتا چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بلیک آؤٹ سے قبل سسٹم کی فریکوئنسی 49.85 تھی اور بلیک آؤٹ سے قبل سسٹم مجموعی طور پر 10 ہزار 311 میگاواٹ بجلی پیدا کررہا تھا جس میں پانی سے 1257 میگاواٹ بجلی بنائی جارہی تھی جب کہ سرکاری تھرمل بجلی گھروں سے 983 میگاواٹ اور آئی پی پیز سے 8 ہزار 70 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سسٹم کی بحالی کا عمل تربیلا، منگلا اور وارسک پاور ہاؤسز سے شروع کیا مگر سسٹم فریکوئنسی کی بہت زیادہ اتار چڑھاؤ سے ٹرپنگ جاری رہی، سسٹم کو مستحکم کرنے کے لیے تربیلا اور منگلا کو انٹرلنک کیا گیا جس سے سسٹم کی بحالی شروع ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 10 جنوری کو رات 7.40 تک تمام ٹرانسمیشن عمل بحال کردیا تھا اور 10 جنوری کو ہی شام 6.44 پر این ٹی ڈی سی کا نیٹ ورک کے الیکٹرک کے ساتھ جوڑ دیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔