پوری سیاہ مرغی، گوشت بھی کالا!

مہاراشٹر: بالکل سیاہ مرغی، ایسا لگتا ہے کہ جیسے کوئی آسمانی بجلی آن گری ہو، مگر یہ کیا، اس میں تو جان ہے۔ ہاں بات ہورہی ہے بھارت کے بعض علاقوں میں عام پائی اور کھائی جانے والی مرغی کی، جو مکمل طور پر گہرے سیاہ رنگ کی ہوتی ہے اور دلچسپ بات کہ اس کا گوشت بھی بہت حد تک کالا ہوتا ہے۔
اس مرغی کو بھارت میں کڑک ناتھ کے ساتھ ’کالی ماسی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مرغ بھارت کے کئی علاقوں میں مشہور ہے اور رغبت سے اس کا گوشت کھایا جاتا ہے۔ اگرچہ گوشت کی سیاہ رنگت عجیب لگتی ہے لیکن پکنے کے بعد اس میں کچھ تبدیلی ضرور آتی ہے۔


اس مرغ کے پیر، سر، جلد اور پر تک بالکل کالے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ برائلر کے مقابلے میں کڑک ناتھ کا گوشت زیادہ غذائیت رکھتا ہے۔ کالی ماسی پہلے پہل مدھیا پردیش کے ضلع جھابوا میں مقبول تھی اور دھیرے دھیرے اس کے کئی فارم بھارت کے کئی علاقوں میں قائم ہوئے۔ اب چھتیس گڑھ، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر میں یہ عام پائی جاتی ہیں۔


غذائی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس میں دیگر مرغیوں کے مقابلے میں چکنائی اور کولیسٹرول کی شرح بہت کم ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کا گوشت بہت مہنگا فروخت ہوتا ہے۔ کئی بھارتی علاقوں میں زندہ مرغی کی قیمت 850 روپے اور گوشت کی قیمت 1000 سے 1200 روپے فی کلوگرام تک ہے۔ گویا عام مرغیوں کے مقابلے میں اس کی قیمت تین گنا زائد ہے۔


یہ مرغی اس لیے بھی مہنگی ہے کہ اسے پالنے اور پروان چڑھانے میں بہت وقت لگتا ہے۔ عام برائلر مرغی 45 دن میں تیار ہوجاتی ہے جب کہ اس کالی مرغی کو پروان چڑھنے میں 8 مہینے لگتے ہیں۔ بعض تصاویر میں دکھایا جاتا ہے کہ کالی ماسی کے انڈے اور خون بھی سیاہ ہے جو غلط بات ہے۔
اگرچہ بھارت سے باہر اس طرح کی سیاہ گوشت اور رنگت والی مرغیاں عام نہیں ملتیں لیکن چین میں ’سلکیز‘ نامی مرغیاں عام ہیں جن کی رنگت گہری سرمئی اور گوشت بھی سرمئی ہوتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔