بپر جوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی
گجرات: گزشتہ شب بحری طوفان بپر جوائے کیٹی بندر سے 150 کلومیٹر دُور بھارتی گجرات میں ٹکرا گیا جس کی وجہ سے تحصیل مالیا کے 45 دیہات بجلی سے محروم ہوگئے۔
بپرجوائے گجرات سے ٹکرایا تو اس دوران طوفانی ہواؤں نے ہر چیز کو اپنی جگہ سے ہلاکر رکھ دیا۔
اس ضمن میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد بجلی کے کھمبے گرگئے جب کہ سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کے کھمبے گرنے سے گجرات کی تحصیل مالیا کے 45 دیہات میں بجلی معطل ہوگئی اور مختلف حادثات میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بھارتی گجرات میں ہواؤں کی رفتار 115 سے کم ہوکر 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی جب کہ طوفان کے باعث راجستھان میں آج شدید بارشوں کا امکان ہے۔
سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارت کی ریاست گجرات میں سورو شترا کچھ ساحل سے ٹکراتا ہوا شمال مشرقی زمینی علاقے میں داخل ہوگیا۔
ادھر نیشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پرلینڈ فال مکمل کرلیا، طوفان کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے، طوفان کمزور ہوکر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔