بل گیٹس کا وزیراعظم کو فون: پولیو، کورونا سے متعلق تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ٹیلی فون کیا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے پولیو کے خاتمے، کورونا اور صحت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا کہ عمران خان نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے معاشی ترقی کے کام کو سراہا۔ عمران خان نے یقین دلایا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح ہے اور کورونا کے باوجود پولیو کے خاتمے کی بھرپور مہم جاری رکھی ہے۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم میں 33 ملین بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
اس موقع پر بل گیٹس نے اس قومی مقصد کے لیے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے کورونا کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے مائیکروسافٹ کو آئی ٹی کے شعبے میں وسعت کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
خیال رہے کہ 28 اپریل کو بھی وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں کووڈ 19 اور پولیو کے خلاف مہم اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے کورونا وائرس اور غربت کے خاتمے کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کی۔