بل گیٹس اور میلنڈا کی 27 سالہ شادی شدہ زندگی کا اختتام

واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کی تیسری امیرترین شخصیت بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس نے شادی کے 27 سال بعد علیحدگی کا اعلان کردیا۔
جوڑے کی جانب سے ٹوئٹر پراعلان میں کہا گیا کہ بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے تین بچے ہیں۔
ٹوئٹر اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 27 سال کے دوران ہم نے تین بچوں کی قابل فخر پرورش کی ہے اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی ہے جو دنیا بھر میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو صحت مند اور سودمند زندگی گزارنے میں مدد کررہی ہے۔


دونوں کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اب بھی ہم دونوں اس فاؤنڈیشن کے لیے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے لیکن بطور ایک جوڑے کے ہمارے لیے آگے بڑھنا مشکل ہے۔
فوربز کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل دولت 130 ارب ڈالرزکے قریب ہے۔ طلاق کے بعد دونوں میاں بیوی میں ان اثاثوں کی تقسیم کیسے ہوگی اس حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔
لیکن اگر دونوں باہمی رضا مندی سے اثاثوں کو پچاس پچاس فیصد تقسیم کرتے ہیں تو بل گیٹس کے حصے میں 65 ارب ڈالرز آئیں گے۔ یوں بل گیٹس دنیا کے سب سے امیر ترین افراد کی فہرست میں 17ویں نمبر پر آجائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔