جوبائیڈن سے ہارا تو امریکا چھوڑ جاؤں گا، ٹرمپ

جارجیا: امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر انتخاب میں جوبائیڈن سے ہار گیا تو ملک چھوڑ جاؤں گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جارجیا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرا مقابلہ امریکی صدارتی انتخاب کے بدترین امیدوار جوبائیڈن سے ہے۔ مجھے اگر بائیڈن سے شکست ہوئی تو بالکل بھی اچھا نہیں لگے گا۔ میں شاید امریکا چھوڑ جاؤں گا۔
اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے اپنے مدمقابل ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے پورے خاندان کو جیل میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
ابھی تک کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اپنے مقابل امیدوار بائیڈن سے رائے عامہ کے سرویز اور صدارتی مہم کے لیے جمع کیے گئے فنڈز کے اعتبار سے پیچھے ہیں۔ بائیڈن 38 کروڑ ڈالر سے زائد رقم جمع کرچکے ہیں جب کہ ٹرمپ کی مہم کے لیے گزشتہ ماہ تک 24 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی تھی۔
اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں مزید رقم جمع کرسکتا ہوں۔ میں دنیا کا سب سے بڑا فنڈ ریزر بن سکتا ہوں لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ماضی میں بھی انتخابات کے حوالے سے سوالات کھڑے کرتے رہے ہیں۔ انہوں ںے ابتدائی طور پر انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز بھی دی تھی، تاہم کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ڈاک کے ذریعے ووٹ دینے کی اجازت پر وہ مسلسل شکوک و شبہات کا اظہار کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔