بھارت کینیڈا کے وزیراعظم کا بیان برداشت نہ کرسکا!

نئی دہلی: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بھارتی کسانوں کے حق میں بیان دینا بھارت کو سخت ناگوار گزرا اور وہ برداشت نہ کرسکا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان پر بھارتی حکومت نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا اور اس بیان کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
بھارتی حکومت نے کینیڈا کے ہائی کمشنر سے وزیراعظم ٹروڈو اور دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت وزرا کے بیانات پر بھی احتجاج کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو باور کرایا کہ کینیڈا کے رہنماؤں کی جانب سے بھارتی کسانوں کے احتجاج پر بیانات ناقابل قبول اور اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، اس طرح کے بیانات اگر جاری رہے تو یہ دونوں ممالک کے تعلقات پر سنجیدہ اثرات مرتب کریں گے۔
بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریب سے خطاب میں جسٹن ٹروڈو نے احتجاج کرتے بھارتی کسانوں کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ احتجاج کسانوں کا حق ہے اور کینیڈا ہمیشہ اپنے حق کے لیے پُرامن احتجاج کرنے والوں کا دفاع کرے گا۔
خیال رہے بھارت میں زرعی اصلاحات اور اپنے مطالبات کے حق میں کسانوں کا شدید احتجاج جاری ہے اور گزشتہ روز ہریانہ اور نئی دہلی میں پولیس نے کسانوں پر آنسو گیس، واٹرکینن کا استعمال کیا جب کہ لاٹھی چارج بھی کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔