پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 40 فیصد اضافہ!

کراچی: رواں مالی سال کے مہینوں جولائی اور اگست میں مجموعی طور پر 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی سے اگست 2020 تک ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے جب کہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بینک دولت پاکستان کے مطابق سب سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ناروے، مالٹا اور ہالینڈ کی جانب سے کی گئی، جس کا مجموعی تناسب 54 فیصد بنتا ہے، ناروے نے اس عرصے میں 45 ملین ڈالر، ہالینڈ نے 41 ملین ڈالر اور مالٹا کے سرمایہ کاروں نے 37 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی ہے۔
فنانشل بزنس اور کمیونی کیشن دو ایسے شعبے ہیں جہاں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے، فنانشل بزنس کے شعبے میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں 85 ملین ڈالر اور کمیونی کیشن کے شعبے میں 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، اسی طرح تیل و گیس کے شعبے میں 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔