پاکستانی اداکاراؤں نے بولی وُڈ جاکر ملک کا نام ڈبویا، بہروز سبزواری
کراچی: ٹی وی اور فلموں کے تجربہ کار اداکار بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداکاراؤں نے بولی وُڈ میں کام کرکے ملک کا نام ڈبویا۔
بہروز سبزواری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان بھارت گئے، وہاں جاکر اُنہوں نے شاندار کام کیا، اگر وہ آج بھی بولی وُڈ فلمیں کررہے ہوتے تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وہ تمام بولی وُڈ خانز کو پیچھے چھوڑ دیتے اور نمبر ون اسٹار بن جاتے۔
بہروز سبزواری نے کہا کہ فواد خان کے علاوہ جاوید شیخ نے بھی بولی وُڈ میں بڑا نام کمایا اور ہماری چند اداکاراؤں نے بھی وہاں فلمیں کیں، لیکن اُنہوں نے اپنے کام سے پاکستان کا نام روشن کرنے کے بجائے اپنے ملک کا نام ڈبویا۔
بہروز سبزواری نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی ریلیز سے پابندی ہٹادینی چاہیے، جب یہاں کے سنیما گھروں میں بھارتی فلمیں لگیں گی تو اُس کے بعد لولی وُڈ میں بھی مزید بہترین فلمیں بنیں گی اور لوگ یہاں زیادہ سے زیادہ نئے سنیما گھر بھی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کی وجہ سے ہمارے سنیما گھر بھی بھرے ہوئے نظر آئیں گے، کیونکہ پاکستانی شائقین بھی بھارتی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس روز ہماری فلمیں معیاری اور اس قابل ہوجائیں گی تو اُس وقت بھارتی سنیما گھروں میں بھی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی واحد فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی اور اربوں روپے کمائے ہیں۔