بھارتی حملے کا کرارا جواب، پاک فضائیہ نے 5 بھارتی طیارے اور 7 ڈرونز مار گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں میزائل داغے اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا ہے جبکہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جہاز اور 7 ڈرونز مار گرائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے پاکستان میں مسجد سبحان اللہ بہاولپور احمد پور ایسٹ کے علاقے میں، کوٹلی اور مظفرآباد میں تین جگہ فضا سے میزائل داغے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے جہاز ہمہ وقت تیار ہیں، بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، جو بلااشتعال اور شرم ناک حملہ ہے اور یہ اپنی فضائی حدود کے اندر سے کیا ہے۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے یہ حملہ اپنی فضائی حدود سے کیا ہے لیکن انہیں ہماری حدود میں داخل ہونے اور پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان اس کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ شرم ناک اشتعال انگیزی ہے اور اس کو جواب کے بغیر جانے نہیں دیا جائے گا، بھارت نے اس وقت بلااشتعال اور بزدلانہ حملہ کرکے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے پاک فضائیہ اس وقت بالکل مستعد ہے اور بھارت کے کسی جہاز کو اندر آنے نہیں دیا گیا، انہوں نے یہ حملہ اپنی حدود سے کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس بزدلانہ اور شرم ناک حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اس کے لیے جگہ اور وقت کا انتخاب پاکستان کی مرضی سے ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے مریدکے میں دو میزائل فائر کیے گئے جو ایک عمارت میں لگے ہیں، مذکورہ عمارت میں بچوں اور بچیوں کے سرکاری اسکول ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسی عمارت میں بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ مدرسے بھی ہیں، مدارس اوراسکولوں کے علاوہ اس عمارت سے ملحق ایک اسپتال بھی ہے اور بھارت کی جانب سے اسپتال اور سرکاری اسکولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 جہاز گرا دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں نشانہ بنایا جب کہ پاکستان کی طرف سے جوابی کارروائی شروع ہو چکی ہے اور دو رافیل طیارے مار گرائے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارت کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو بھی تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون مار گرایا اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک اور ڈرون پاکستان رینجرز نے مار گرایا، ڈرون کے ذریعے دراندازی کی ناکام کوشش صبح کے وقت کی گئی۔ پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں۔
پاک فوج نے کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کا تیسرا ڈرون بھی مار گرایا۔ بھارتی فوج کی جانب سے ڈرون کے ذریعے دراندازی کی ناکام کوشش کی جارہی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سے قبل برنالہ اور شکر گڑھ سیکٹر میں بھی بھارت کا ڈرون مار گرایا گیا تھا، پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور دینے میں مصروف ہے۔
پاکستان نے بھارتی فوج کی 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا، یہ یونٹ آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہے۔
پاک فوج نے کوٹ کٹھیرا سیکٹر (کوٹلی) میں دشمن کی سرلیا -1 پوسٹ تباہ کردی، پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی پوسٹ کو مارٹر گولے سے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ اڑا دی ہے اور پاک افواج دشمن کی ننگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک جو نقصان کا تخمینہ سامنے آیا ہے اس کے مطابق صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اورتصویروں میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے بزدلانہ حملے میں شیوائی مظفرآباد میں مسجد شہید کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک معصوم بچی جو بلال مسجد شوائی نالہ کے پاس تھی شدید زخمی ہوگئی ہیں اور شوائی نالہ وہ جگہ ہے جہاں کل بین الاقوامی اور قومی میڈیا نے دورہ بھی کیا تھا۔
بھارت کے حملے کے بعد نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر فضائی ایمرجنسی نافذ کرکے سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے اور ذرائع نے بتایا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل کرکے ایئر اسپیس کو عام پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فضا میں موجود تین پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا اور پروازوں کو مختلف ایئرپورٹس کی جانب موڑا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں سیاحوں سمیت 26 افراد کو ہلاک کردیا گیا تھا، جس کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے۔
بھارت نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔